اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو انٹرنیٹ صارفین کی برازنگ ہسٹری اور ڈیٹا تک رسائی کا اختیار مل گیا ہے۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی اے نے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) سروس پرووائیڈرز کی رجسٹریشن دوبارہ شروع کردی ہے اور سروسز دینے والی کمپنیوں کو کلاس لائسنس برائے ڈیٹا سروسز دیا جارہا ہے۔پی ٹی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ کلاس لائسنس کے ذریعے وی پی این سروس پرووائیڈرز کو مقامی طور پر رجسٹرڈ کیا جائے گا اور اس کے ذریعے سروس پرووائیڈرز کی مانیٹرنگ اور ریگولیشن کی جاسکے گی۔پی ٹی اے کے مطابق کمپنیوں کو ایک سے 3 لاکھ روپے میں کلاس لائسنس برائے ڈیٹا سروسز وصول کرنے کا اختیار ہوگا، اس عمل کے تحت کمپنیوں کو مقامی ڈیٹا سینٹرز بھی قائم کئے جائیں گے۔رپورٹ کے مطابق پی ٹی اے کو سائبر حملوں کی نشاندہی اور ان کا سراغ لگانے کا اختیار حاصل ہوگا۔ پی ٹی اے کو صارفین کے ڈیٹا، براوزنگ ہسٹری تک رسائی کا اختیار بھی ہوگا۔یہ درخواست پاکستان سافٹ ویئر ہاسز ایسوسی ایشن کی جانب سے کی گئی تھی، اس فیصلے کو اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے عملی جامہ پہنایا جارہا ہے۔اس اقدام کا مقصد ملک میں سائبر سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔
2