51

PTI امیدواروں کے نام خفیہ رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد(بیوروچیف)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)نے آئندہ عام انتخابات کے لیے پارٹی رہنمائوں کو ٹکٹ جاری کرنے کے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے اور اس سلسلے میں ٹکٹ کے امیدواروں سے درخواستیں بھی وصول کرنا شروع کردی ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں سے ٹکٹ کے لیے درخواستیں طلب کر رکھی ہیں اور اس سلسلے میں ضلعی سطح پر قائم کی گئی کمیٹیوں کو درخواستیں دی جارہی ہیں تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ تمام امیدواروں کے نام صیغہ راز میں رکھے جارہے ہیں۔ ایک امیدوار نے بتایا کہ ٹکٹوں کی فراہمی کے پہلے مرحلے کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں حلقے سے تمام امیدواروں سے درخواستیں وصول کی جارہی ہیں۔امیدوار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ضلعی صدور کے نام پر درخواستیں دی جارہی ہیں جبکہ ساتھ ہی پارٹی کی جانب سے یہ بھی خبردار کیا گیا ہے کہ درخواست دینے والے امیدواران اپنے نام کو پوشیدہ رکھیں۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے امیدواروں کی حفاظت کے پیش نظر تمام درخواست گزاروں کے نام صیغہ راز میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کے علاوہ وکلا کی جانب سے بھی ٹکٹ کے حصول کے لیے درخواستیں دی جارہی ہیں۔پی ٹی آئی کے امیدواروں کا حتمی فیصلہ بانی چیئرمین عمران خان کریں گے تاہم ٹکٹوں کی تقسیم انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی الیکشن کمیشن میں انٹرا پارٹی کیس کا بھی انتظار کر رہی ہے جس کے بعد ٹکٹوں کی تقسیم کا فیصلہ کیا جائے گا۔پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق نہ صرف قومی و صوبائی اسمبلی بلکہ سینیٹ کے لیے بھی وکلا ٹکٹ لینے کے لیے کوشاں ہیں۔ذرائع کے مطابق نامور وکلا میں بیرسٹر گوہر، شعیب شاہین، ڈاکٹر بابر اعوان، شیر افضل مروت اور بیرسٹر علی بخاری ٹکٹ کی دوڑ میں شامل ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین بیرسٹر گوہر علی بونیر سے قومی اسمبلی کی ٹکٹ کے امیدوار ہیں جبکہ شیر افضل مروت تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے لکی مروت سے انتخابی میدان میں اترنے کے لیے کمر کس رہے ہیں۔شعیب شاہین اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی نشست کے لیے ٹکٹ کے امیدوار ہیں جبکہ ڈاکٹر بابر اعوان بھی قومی اسمبلی کی نشست پر پنجہ آزمائی کے خواہش مند ہیں۔ذرائع کے مطابق سینیئر وکیل رہنما حامد خان سینیٹ کا انتخاب لڑنے میں دلچسپی رکھتے ہیں جبکہ شعیب شاہین قومی اسمبلی کا ٹکٹ نہ ملنے کی صورت میں سینیٹ کے انتخاب میں بھی امیدواروں کی فہرست میں شامل ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں