45

PTI کو ایک اور دھچکا ‘ مزید 43 استعفے منظور

اسلام آباد (بیوروچیف)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے مزید43ارکان کے استعفے منظور کر لیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق استعفے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے چند دن قبل منظوری کے لیے الیکشن کمیشن کو بھجوائے تھے۔قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے اب صرف منحرف ارکان ہی باقی بچے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی تھی جس میں موقف اپنایا تھا کہ ہم 45 اراکین قومی اسمبلی اپنے استعفے واپس لے رہے ہیں، اسپیکر اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو استعفے واپس لینے کا بتا دیا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ اسپیکر اگر استعفے منظور کرتے ہیں تو ہمیں ڈی نوٹیفائی نہ کیا جائے۔پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے اراکین قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور اسپیکر ہاوس کے باہر دھرنا دیا تھا۔پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے اراکین کے لیے پارلیمنٹ ہاوس کے دروازے بند کر دیے گئے تھے، ان کو پارلیمنٹ میں داخل ہونے سے روک دیا گیا تھا۔یاد رہے کہ17 جنوری کو بھی اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے 34 اراکین قومی اسمبلی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے استعفے منظور کیے تھے۔اس کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی نے جولائی 2022 میں بھی پی ٹی آئی کے 11 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے، اب تک مجموعی طور پر پاکستان تحریک انصاف کے 79 اور شیخ رشید کا ایک استعفی ملا کر 80 اراکین کے استعفے منظور ہو چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں