RPOکا جھنگ روڈ پر قائم رمضان بازار کا دورہ،سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) سہیل اختر سکھیرا نے رمضان المبارک کے دوران عوام کی سہولت اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جھنگ روڈ پر قائم رمضان سہولت بازار کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران آر پی او نے سہولت بازار میں موجود سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور تمام سہولت بازاروں میں فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے سی سی ٹی وی کیمرو ں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کے احکامات دیے۔آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے خواتین اور بزرگ شہریوں کے لیے علیحدہ سکیورٹی اور راہنمائی ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کی تاکہ انہیں خریداری کے دوران مکمل سہولت اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ ایلیٹ فورس اور ڈولفن اسکواڈز کو موثر پٹرولنگ جاری رکھنے کا حکم دیا گیا۔انہوں نے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل کو مزید سخت کرنے اور واک تھرو گیٹس کو ہمہ وقت فعال رکھنے پر زور دیا۔ پارکنگ اور ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے اضافی نفری تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ آر پی او نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسپانس ٹیمیں ہر وقت الرٹ رہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ رمضان المبارک میں عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں