53

اسلام آبادکا مہنگا ترین پلاٹ ساڑھے8ارب میں فروخت

اسلام آباد(بیوروچیف)پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی تاریخ کا سب سے مہنگا پلاٹ 8ارب 54کروڑ روپے میں فروخت ہوا ہے۔ وفاقی دارالحکومت کے ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے)کے چیئرمین محمد عثمان یونس نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ سی ڈی اے نے اسلام آباد کی تاریخ کے سب سے مہنگے پلاٹ کی نیلامی کی ہے جس کی قیمت 8 ارب 54 کروڑ روپے ہے۔چیئرمین سی ڈی اے کا مزید کہنا تھا کہ اب تک ان کا ادارہ چار پلاٹوں کی نیلامی کر چکا ہے جن کی مجموعی قیمت 11 ارب 95 کروڑ روپے ہے۔سی ڈی اے کے ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد کی تاریخ کا سب سے مہنگا پلاٹ دارالحکومت کے سب سے بڑے کاروباری علاقے بلیو ایریا میں واقع ہے۔اس کے علاوہ تین مزید پلاٹ جو سی ڈی اے کی جانب سے نیلام کیے گئے ہیں ان میں سے دو پلاٹ وہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی 14 اور ایک پلاٹ سیکٹر آئی 8 کے مرکز میں واقع ہے۔گذشتہ سال کے آخر میں سی ڈی اے کی جانب سے محکمے کی مالیاتی ضروریات پوری کرنے کے لیے اسلام آباد میں کمرشل اور رہائشی پلاٹوں کی نیلامی کا منصوبہ پیش کیا گیا تھا جس کے تحت 50 سے زائد پلاٹوں کی نیلامی ہونی ہے۔نیلامی کے لیے رکھے گئے پلاٹ بلیو ایریا، سیکٹر ای 11، پارک انکلیو اور سیکٹر ای 12 سمیت دیگر علاقوں میں واقع ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں