فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد کے حلقہ پی پی112 سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے معاون خصوصی وامیدوار چوہدری شہباز گل کی فلیکسز اترنے پر پی ٹی آئی کے کارکنان اور حلقہ کے عوام میں چہ مگوئیاں ہونے لگیں۔ تفصیل کے مطابق پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے سابق معاون خصوصی شہباز گل نے صوبائی اسمبلی کے تحلیل ہونے کے بعد حلقہ پی پی112 سے الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے مختلف مقامات پر فلیکسز اور بینرز آویزاں کر دیئے گئے تھے اور چند روز بعد ہی اچانک راتوں رات شہباز گل کی فلیکسز غائب ہو گئیں، جس پر پی ٹی آئی کے کارکنان اور حلقہ کے عوام میں قیاس آرائیاں جنم لے رہی ہیں کہ شہباز گل خود الیکشن میں حصہ نہیں لے رہے یا کہ پارٹی کے بڑوں نے ان کو حلقہ پی پی112 سے الیکشن لڑنے سے منع کیا گیا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ شہباز گل کی طرف سے بعض بیانات اور ان کے ٹویٹ میں بھی اپنی لیڈرشپ سے نالاں نظر آتے ہیں اور زیرعتاب آئے ہوئے ہیں۔
52