41

بجلی بریک ڈائون کے بعد لوڈ شیڈنگ ‘ معمولات زندگی متاثر

اسلام آباد ‘ فیصل آباد (بیوروچیف ‘ سٹاف رپورٹر) ملک بھر میں گزشتہ روز ہونے والے تاریخی بریک ڈائون نے آفٹر شاکس جاری ہیں ۔ فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں بجلی کی آنیاں جانیاں جاری ہیں جس سے شہریوں کے معمولات زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں، ملک بھر میں ٹیلی کام اور انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی میں بھی مشکلات سامنے آ رہی ہیں۔ کراچی، لاہور ملتان، فیصل آباد، پشاور سمیت کئی شہروں میں بجلی منقطع ہونے کی اطلاعات متعدد بار سامنے آئی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے عوام سے گزشتہ روز ہونے والے ملک گیر پاور بریک ڈاون پر معذرت کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ بریک ڈاون کی تحقیقات جاری ہیں، ذمہ داروں کو سامنے لائیں گے۔ دوسری جانب جہاں ملک بھر میں بجلی کی مکمل بحالی یقینی نہیں بنائی جا سکی وہیں انٹرنیٹ اور ٹیلی کام سروسز کی فراہمی بھی مشکلات کا شکار ہے۔موبائل ٹاورز کو متبادل ایندھن سے چلایا جا رہا ہے جس کی نقل و حمل میں اضافی اخراجات کے علاوہ لاجسٹک مسائل کا سامنا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ٹیلی کام کمپنیاں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جنریٹرز کو فعال رکھنے کیلئے 5 لاکھ لیٹر سے زائد ایندھن استعمال کر چکی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں