اسلام آباد ( بیوروچیف ) ملک بھر میں بجلی کی بندش سے جہاں شہریوں کو روز مرہ کے معمولات، کاروبار اور ملازمتوں میں مشکلات کا سامنا ہے وہیں ٹوئٹر صارفین موبائل سگنلز میں مشکلات کی شکایات کر رہے ہیں۔پاکستان کے معروف ٹیلی کام آپریٹر ‘جاز’ نے صارفین کی شکایات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ‘اپنے صارفین کو ٹیلی کام خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام کوششیں کی جارہی ہیں۔ صبح سویرے بجلی کے بریک ڈاؤن کے بعد سے ہم زیادہ تر بیک اَپ پاور سپلائی پر انحصار کر رہے ہیں جبکہ کچھ علاقوں میں خدمات متاثر ہیں۔اس تمام صورتحال میں دن بھر جہاں صارفین نے بجلی کے تعطل پر میمز شیئر کیں اور دلچسپ تبصرے کیے وہیں شام کو صارفین کی جانب سے موبائل فون سروس بند ہونے اور سگنلز نہ آنے پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ شروع ہوا۔ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ‘نہ بجلی، نہ گیس اور نہ ہی سگنلز۔ پاکستانی شہری پتھر کے زمانے کا تجربہ کر رہے ہیں ۔سوشل میڈیا پر صارفین ایک دوسرے سے مختلف نیٹ ورک کے سگنلز کے بارے میں پوچھتے بھی نظر آئے۔کچھ ٹوئٹر صارفین نے شکایت کی کہ نیٹ کے سگنل آتے ہیں تو سم کے چلے جاتے ہیں اور جب سم کے آتے ہیں تو نیٹ کے چلے جاتے ہیں۔واضح رہے کہ آج صبح اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور لاہور سمیت ملک کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
54