27

بڑھتی ہوئی وارداتوں کے باعث شہری عدم تحفظ کا شکار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ڈاکوئوں اور چوروں کی آماجگاہ بن گیا، جگہ جگہ نہتے شہری لٹنے لگے، روانہ ایک سے زائد وارداتیں’ پولیس سماج دشمن کو پکڑنے کی بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگیں، فیصل آباد میں آئے روز بڑھتی ہوئی ڈکیتی’ راہزنی اور چوری کی وارداتوں کے باعث شہری عدم تحفظ کا شکار ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد میں پولیس کا موثر گشت نہ ہونے کی وجہ سے ڈاکوئوں اور چوروں کے گروہ جگہ جگہ نہتے شہریوں کو لوٹنے میں مصروف نظر آتے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق سماج دشمن عناصر کی طرف سے روزانہ ایک سو سے زائد وارداتیں رجسٹرڈ ہو رہی ہیں جبکہ ان رجسٹرڈ وارداتوں کی تعداد اس سے الگ ہے اور مشاہدہ میں آیا ہے کہ معمولی نقدی اور موبائل فون چھیننے کی واردات متاثرہ شہری پولیس سے رجوع کرنے سے کتراتے ہیں اور صبر کرتے ہوئے خاموشی اختیار کرتے ہیں اگر پولیس کو اطلاع کی تو الٹا پولیس کو مقدمہ درج کروانے کیلئے بھی رشوت دینا پڑتی ہے۔ اتنا نقصان نہیں ہوتا جتنا پولیس ان کی تذلیل کرتی ہے اور وارداتوں کے اندراج مقدمہ کیلئے بھی متاثرہ افراد کو تھانوں کے کئی کئی چکر لگوائے جاتے ہیں کہ متاثرہ شہری تھانوں کے چکر لگا کر تھک کر گھر بیٹھ جاتے ہیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ پولیس کا شاہراہوں پر موثر گشت نہ ہونے سے بھی سماج دشمن عناصر سڑکوں پر گھومتے رہتے ہیں اور موقع ملتے ہی واردات کر کے باآسانی فرار ہو جاتے ہیں اور اطلاع کے باوجود پولیس بھی کئی گھنٹوں کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچتی ہے اور ڈاکوئوں کو پکڑنے کی بجائے متاثرہ شہری سے ڈراتے دھمکاتے ہیں اور ریسکیو15 پر چلنے والی وارداتوں کی اکثر کالز کو بوگس قرار دیتے ہوئے چپ سادھ لی جاتی ہے۔ شہری حلقوں نے آر پی او ڈاکٹر عابد خان’ سی پی او سید خالد محمود ہمدانی اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے موثر اقدامات کئے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں