فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شیخوپورہ روڈ پر اڈا بلوچنی کے قریب تیز رفتار کار بے قابو ہو کر دیوار سے ٹکرانے سے دو بھائی جاں بحق جبکہ تیسرا بھائی اور ڈرائیور بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو1122 نے نعشیں پولیس کے حوالے کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ شیخوپورہ کے نواحی گائوں کانگ کے رہائشی تین بھائی 22 سالہ میرون ولد اجمل گل’ 19 سالہ شیرون ولد اجمل گل’ 25 سالہ سٹیفن ولد اجمل گل اپنے ڈرائیور 20 سالہ عرفان ولد صداقت کے ہمراہ فیصل آباد آ رہے تھے کہ جب وہ شیخوپورہ روڈ پر 61 ج ب کے قریب پہنچے تو تیز رفتاری کے باعث گاڑی کو اوورٹیک کرتے ہوئے کار بے قابو ہو کر دیوار سے جا ٹکرائی اور کار سوار چاروں افراد بری طرح زخمی ہو گئے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچی تو دو بھائی میرون اور شیرون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ چکے تھے۔ ریسکیو1122 نے تیسرے بھائی سٹیفن اور ڈرائیور عرفان کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس نے دونوں بھائیوں کی نعشوں کو تحویل میں لیکر ہسپتال پہنچا دیا۔
42