29

جماعت اسلامی کاہفتہ یکجہتی کشمیرپر تقریبات کا اعلان

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر ) جماعت اسلامی نے ہفتہ یکجہتی کشمیرپر تقریبات کا اعلان کردیا،پانچ فروری کو ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے صبح گیارہ بجے چنیوٹ بازار چوک سے ریلی نکالی جائیگی جس میں خواتین اور بچے بھی شریک ہوں گے،شہر بھر سے جماعت اسلامی کے کارکن جلوسوںکی شکل میں اس ریلی میں شریک ہوں گے، 3فروری کو جماعت اسلامی کے کارکن نمازجمعہ کے موقع پر مساجد کے باہرعوام الناس کو ریلی میں شرکت کی دعوت دیں گے۔ پانچ فروری تک شہر کے مختلف مقامات پرکشمیریوں کی تحریک آزادی سے اظہار یکجہتی کے لئے کیمپ لگائے جائیں گی ،آزادی کشمیر کے قائدین اور مجاہدین کی تصاویرپر مشتمل فلوٹ چلایاجائے گا۔جے آئی یوتھ کے نوجوانوں کی موٹر سائیکل ریلی بھی ہوگی ۔جماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماںبٹ نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے مظلوم عوام مشکل اور کٹھن حالات میں بھی پاکستان کے حق میں نعرے لگا رہے ہیں اور تحریک آزادی کشمیر کوبھرپورانداز میں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ بھارت کی درندہ صفت فوج کے سامنے جیوے جیوے پاکستان کے نعرے اس بات کا ثبوت ہیں کہ کشمیریوں کی تیسری نسل بھی ہندوستان سے آزادی چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت سے دوستی اور تجارت اس وقت تک نہیں ہوسکتی جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا۔ بھارت سے دوستی کے خواب دیکھنے والوں کو یہ یاد رکھنا چاہئے کہ اس نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کے خلاف کام کیا ہے۔ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کی وارداتوں میں سب سے بڑاہاتھ بھارت کا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کاجذبہ حریت دبا نہیں سکا۔حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کوعالمی سطح پر بھرپورانداز میں اجاگر کرے۔ ہمیں امریکہ کو یہ واضح کرنا چاہئے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کابھی نوٹس لے۔ امریکہ کوپاکستان میں تو دہشتگردی نظر آتی ہے لیکن کشمیر میں معصوم اور بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام نظر نہیں آتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں