23

حکومتی احکامات نظر انداز ،نیاموآنہ مویشی منڈی میں فیس وصولی جاری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)ضلعی انتظامیہ نے حکومت پنجاب کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا’ فیصل آباد کی ماڈل کیٹل مارکیٹ نیاموآنہ میں مافیا بیوپاریوں اور خریداروں سے بھی قربانی کے جانوروں کے داخل اور باہر نکالنے پر لوٹ مار جاری، بکرا’ چھترا وغیرہ خریدنے والوں سے 300 روپے’ بچھڑا’ بیل’ کٹا وغیرہ خریدنے والوں سے ایک ہزار روپے اور اونٹ کے خریداروں سے بھی اڑھائی ہزارروپے وصول کیے جا رہے ہیں، ضلعی انتظامیہ کے بلند وباغ دعوئوں کے باوجود ٹھیکیدار مافیا کو لگام ڈالنے میں ناکام جبکہ ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار بھی خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگے۔ تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عیدالاضحی کے موقع پر مویشی منڈیوں میں قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت پر فیس کو معاف کر دیا اور متعلقہ ڈویژن کے کمشنرز اور اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کو حکم دیا تھا کہ مویشی منڈیوں میں لائے جانے والے جانوروں کو کسی قسم کا ٹیکس نہ لیا جائے۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں اور خریداروں سے کسی قسم کی پرچی فیس وصول نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے عوام کو پیغام دیئے جا رہے ہیں کہ قربانی کے جانوروں کی خریداری پر کوئی فیس یا رقم وصول نہیں کی جا رہی ہے۔ تاہم اسکے برعکس فیصل آباد کی ماڈل کیٹل مارکیٹ نیاموآنہ منڈی میں ٹھیکیدار مافیا نے لوٹ مار کا سلسلہ جاری کر رکھا ہے۔ حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کے احکامات کو پس پشت ڈالتے ہوئے نیاموآنہ منڈی میں لائے جانے والے جانوروں کے بیوپاریوں سے بکرا’ چھترا وغیرہ فی کس 300 روپے جبکہ بڑا جانور’ بچھڑا’ کٹا وغیرہ کے ایک ہزار فی کس اور اونٹ کے بیوپاریوں سے اڑھائی ہزار روپے فی کس داخلہ فیس کے نام پر وصول کئے جا رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ نیاموآنہ منڈی میں قربانی کے جانور خریدنے والوں سے منڈی سے باہر نکلتے ہی اسی حساب سے دوبارہ فیس وصول کرنے لگا۔ جبکہ ضلعی انتظامیہ اور ضلعی پولیس کے ڈیوٹی پر موجود اہلکار بھی خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگے۔ جبکہ مذکورہ مافیا فیس نہ دینے والوں سے لڑائی جھگڑے پر معمول بن چکے ہیں۔ شہری حلقوں نے کمشنر فیصل آباد ڈویژن سلوت سعید’ ڈپٹی کمشنر عبداﷲ نیئر شیخ اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومتی رٹ کو قائم کرتے ہوئے ٹھیکیدار مافیا کو لگام دی جائے اور حکومت پنجاب کی طرف سے قربانی کے جانوروں پر فیس’ پرچی کی مد میں رقوم کی وصولی کو بند کروایا جائے۔ مہنگائی کے سبب قربانی کے جانوروں پر ٹیکس وصول کرنے والوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں