لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عابد زبیری کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے عابد زبیری کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کیلئے 10کروڑ روپے کی گرانٹ کاچیک دیا۔ سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے وفد نے گرانٹ کے اجراء پر وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی سے تشکر کا اظہارکیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری کی فلاح وبہبود کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے۔ عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کیلئے وکلاء برادری کا کردار مسلمہ ہے۔ میرے دروازے آپ کے لیے ہمہ وقت کھلے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت وکلاء برادری کو دست و بازو سمجھتی ہے۔ وکلاء برادری کی فلاح وبہبود کیلئے مزید اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عابد زبیری نے کہا کہ آپ کے دور میں وکلاء برادری کی فلاح و بہبودکے لئے حقیقی معنوں میں کام ہو رہا ہے۔ وکلاء برادری کو جتنی عزت اور احترام آپ نے دیا ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ صوبائی وزیر قانون خرم شہزاد ورک، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس، صوبائی مشیر عامر سعید راں، سینئر وکیل جہانگیر جھوجہ، سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے سیکرٹری مقتدرشبیر، ممبر محسن بیگ، صائم چودھری،معروف ایڈووکیٹ حسان نیازی، صوبائی سیکرٹری قانون او ردیگر وکلاء بھی اس موقع پر موجود تھے۔
41