15

ریلوے ملازمین اور پنشنرز کے حقوق کیلئے پریم یونین کی ریلی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ریلوے پریم یونین کے زیراہتمام آئندہ بجٹ میں ریلوے ملازمین اور پنشنرز کے حقوق کے حصول کیلئے مرکزی صدر شیخ محمدانور کی کال پر ملک گیر ریلیوں کے سلسلہ میں فیصل آباد میں مرکزی چیف آرگنائزرخالد محمود چوہدری،زونل صدرظہیر الدین بابر،سیکرٹری کاظم فاروق گل،نورالدین، با طاہر، محمد کاشف،ساجد عمران،چوہدری سیف الرحمن، بابر نواز، چوہدری تنویر احمد، عدنان خٹک، رائے شہباز اور ملک منظور کی قیادت میں سینکڑوں ریلوے ملازمین نے ریلوے اسٹیشن پر مزدورحقوق ریلی میں شرکت کی۔ریلی میں امیر جماعت اسلامی ضلع فیصل آباد پروفیسر محبوب الزمان بٹ نے ریلوے مزدوروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے خصوصی طورپر شرکت کی اور جماعت اسلامی کی طرف سے ریلوے ملازمین کے مطالبات کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ریلی میں شریک مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں شدیدنعرہ بازی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خالد محمود چوہدری نے کہاکہ ریلوے افسران اور ملازمین نے اپنی شبانہ روز کارکردگی سے ریلوے کوخسارہ سے نکال کر ملکی تاریخ میں پہلی بار منافع بخش ادارہ میں تبدیل کردیا ہے لیکن حکومت نے ان ملازمین کے مطالبات سے آنکھیں پھیر رکھی ہیں۔آئندہ بجٹ میں حاضر اور ریٹائرڈ ملازمین کی تنخواہوں،پنشن،میڈیکل الانس اور ہاس رینٹ میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے،ملازمین اور پنشنرزپرلاگو کیاجانے والاانکم ٹیکس ختم کیاجائے، ریلوے میں فوری طور پر تیس ہزار سے زائد خالی آسامیوں کوختم کرنے کی بجائے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں اورٹی ایل اے اور اِن ویلڈ ملازمین کو مستقل ملازمتیں دی جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں