37

صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہے ‘ محسن نقوی

لاہور (بیوروچیف) کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (CPSP) کے ایک وفد نے اس کے صدر پروفیسر محمد شعیب شفیع کی قیادت میں گزشتہ روز نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ڈاکٹروں کی تربیت، ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیا ت کی بہتری اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ نگر ا ں وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ ہسپتال کی ایمرجنسی میں سینئر رجسٹرار (کنسلٹنٹس) کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو بہتر بنانا حکومت کی ترجیح ہے اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں کی تربیت، نئے کورسز متعارف کرانے اور اسپیشلائزیشن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پی ایس پی کی سفارشات کے بارے میں اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی اور آگے بڑھنے کے لیے قابل عمل سفارشات پر فیصلے کیے جائیں گے۔ وفد نے محسن نقوی کو نگراں وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی جبکہ محمد شعیب شفیع نے تربیتی اور تخصیصی پروگراموں کے بارے میں بریفنگ دی۔ وفد میں SVPـCPSP ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، پروفیسر محمود ایاز، پروفیسر امیر زمان خان، پروفیسر ابرار اشرف علی اور میجر جنرل (ر) پروفیسر مظہر اسحاق شامل تھے۔ صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم، ڈاکٹر جمال ناصر اور سیکرٹری صحت بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں