31

فیصل آباد میں نقب زنی کی وارداتیں بڑھ گئیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان کے دوسرے بڑے صنعتی شہر میں لاقانونیت کی حد ہو گئی’ قتل وغارت’ اغواء اور ڈکیتی کے واقعات سے پریشان حال لوگوں کو نقب زنی کی وارداتوں نے مزید خوفزدہ کر دیا، مالکان دکان ومکانات کی غیر موجودگی میں نقب لگا کر لوٹ مار کرنے کے واقعات سے عوام میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ گیا’ اعلیٰ پولیس حکام شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات اٹھائیں، عوامی حلقوں کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد میں جرائم پیشہ عناصر نے لوگوں کا ناک میں دم کر رکھا ہے، شہر میں لاقانونیت کا یہ عالم ہے کہ قاتل درندے دندناتے پھرتے ہیں جبکہ اغواء اور ڈکیتی کی وارداتوں نے لوگوں کو خوفزدہ کر رکھا ہے، ستم بالائے ستم یہ کہ جرائم پیشہ عناصر کے ستائے لوگوں کو اب ایک اور آفت نے آ لیا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں مکانوں اور دکانوں میں نقب لگا کر لوٹ مار کی وارداتیں ہونے لگی ہیں۔ دکانوں اور مکانوں کے مالکان جب کسی ضروری کام کے سلسلے میں گئے ہوں اور مکان ودکان خالی ہو تو وہاں نقب لگا کر لوٹ مار کرنیوالے گروہ متحرک ہو جاتے ہیں، دکانوں اور مکانوں میں مالکان کی غیر موجودگی میں نقب لگا کر لوٹ مار ہونے کی اطلاع پولیس کو کی جاتی ہے مگر پولیس پرچہ درج نہیں کرتی۔ عوامی وسماجی حلقوں نے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ پولیس حکام اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور عوام کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں