17

قربانی کیلئے جانور خریدنے جانیوالے2بھائی ڈاکوؤں کی گولیوں کا نشانہ بن گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اتھرے ڈاکوئوں نے قربانی کے جانور خریدنے کیلئے جانیوالے دو بھائیوں کو مزاحمت پر گولیاں مار کر لہولہان کر دیا، مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال داخل کروا دیا گیا، پولیس ناکہ بندیوں کے باوجود اتھرے ڈاکوئوں کے گروہ کا سراغ نہ لگا سکی۔ بتایا جاتا ہے کہ مرضی پورہ کے رہائشی دو بھائی 47سالہ افتخار علی ولد ذوالفقار علی اور 45سالہ سرفراز علی ولد ذوالفقار قربانی کا جانور خریدنے کیلئے نڑوالا روڈ پر مویشی منڈی جا رہے تھے کہ جب وہ نڑوالا روڈ پر واقع سلطان ٹائون گرڈ اسٹیشن کے قریب پہنچے تو نامعلوم مسلح افراد نے گھیر لیا اور گن پوائنٹ پر جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے نقدی چھیننے کے دوران مزاحمت کرنے پر دونوں بھائیوں کی ٹانگوں میں گولیاں مار کر بری طرح زخمی کر کے فرار ہو گئے۔ بعدازاں مضروبان کو تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال داخل کروا دیا گیا اور اطلاع ملنے کے باوجود پولیس مذکورہ ڈاکوئوں کے گروہ کا سراغ لگانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ شہری حلقوں نے سی پی او کامران عادل سے مطالبہ کیا ہے کہ مویشی منڈیوں کے راستوں پر پولیس کا گشت بڑھایا جائے اور لوٹ مار کرنے والے ڈاکوئوں کو پکڑ کر کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں