19

قربانی کے جانوروں کی چوری کے واقعات بڑھ گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عیدالاضحی قریب آتے ہی قربانی کے جانوروں کی وارداتوں میں ہوشربا اضافہ’ بیوپاریوں سمیت شہریوں کا گھروں اور حویلیوں کے باہر جانوروں کو باندھنا مشکل ہو گیا، قربانی کے جانوروں کے چوری کی وارداتوں میں اضافہ کے باوجود پولیس مویشی چوروں کے گروہوں کو پکڑنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ تفصیل کے مطابق نشاط آباد کے علاقہ 6ج ب کے اسرار احمد کے گھر کے باہر سے بکرا’ 249 رب کے زمیندار سرفراز کے ڈیرہ سے لاکھوں روپے مالیت کے مویشی’ 649 گ ب کے وجاہت علی کی حویلی سے بکرا’ 550 گ ب کے زمیندار ناصر عباس کی حویلی سے لاکھوں روپے مالیت کے مویشی چوری کر کے فرار ہو گئے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ عیدالاضحی کے قریب آتے ہی شہر بھر میں مویشی چوروں کے گروہ سرگرم ہو گئے، مذکورہ چوروں کے گروہ بکرے’ چھترے’ بچھڑے اور دیگر جانور چوری کر کے کم قیمت پر فروخت کر کے رفوچکر ہو جاتے ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ عید قربان کے موقع پر جانوروں کی دوسرے شہروں اور دیگر مقامات پر نقل وحمل کے باعث چوروں کی نشاندہی بھی مشکل ہو چکی ہے۔ تاہم شہریوں کو چاہیے کہ وہ قربانی کے جانوروں کو محفوظ جگہ پر باندھیں تاکہ وارداتوں سے محفوظ رہ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں