27

قیمتیں بر قرار رکھنے کیلئے پٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں اضافہ

اسلام آباد(بیوروچیف)حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کیلئے ڈیولپمنٹ لیوی اور مارجن کی شرح میں اضافہ کر دیا۔حکومت نے قیمتیں برقرار رکھنے کیلئے لائٹ ڈیزل آئل پر لیوی میں 21 روپے 89 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا۔ لائٹ ڈیزل پر لیوی 8.56 روپے سے بڑھا کر 30.45 روپے فی لیٹر کر دی گئی۔ہائی اسپیڈ ڈیزل پر ڈیویلپمنٹ لیوی میں بھی ڈھائی روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی کی شرح 32.50 روپے سے بڑھا کر 35 روپے لیٹر کر دی گئی۔مٹی کے تیل پر پٹرولیم لیوی 1 روپے 88 پیسے بڑھا دی گئی، مٹی کے تیل پر لیوی 4 روپے 34 پیسے سے بڑھ کر 6 روپے 22 پیسے ہوگئی۔پیٹرول پر 50 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی برقرار ہے تاہم پیٹرول پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں ایک روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ایکسچینج ریٹ کی ایڈجسٹمنٹ بھی کی گئی ہے ۔واضح رہے اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک روپے سے لے کر21روپے89پیسے فی لیٹر تک کمی کی سفارش کی تھی۔خیال رہے کہ حکومت نے 31جنوری تک پیٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتیں ہی برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ حکومت نے آئندہ15روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کسی بھی قسم کی کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں