کمالیہ(نامہ نگار) سابق ایم این اے چوہدری اسد الرحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستا ن مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ ملکی معیشت کو مستحکم کیا۔ لیکن دھرنا قوتیں ایک بار پھر پاکستان کی معیشت کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کررہی ہیں ایک بار پھر حکومت کے خلاف سازش کی جارہی ہے۔ موجودہ حکومت کی بہتر اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے آج ملکی معاشی صورتحال بہتری کی طرف گامزن ہے۔ اقتصادی اشاریئے مثبت ہیں جنہیں دنیا بھی تسلیم کرہی ہے۔اللہ کے فضل سے جب بھی مسلم لیگ ن حکومت میں آئی معیشت مستحکم ہوئی۔ اداروں پر حملہ کرنے والے جمہوریت کو مضبوط کرنے کی باتیں کررہے ہیں۔ ایک دفعہ پھر دھرنا دینے والی قوتیں اکٹھی ہورہی ہیں۔ نوے دن میں کرپشن کا خاتمہ کرنے والوں نے خیبرپختونخوا میں کیا کیا ہے۔ کیا خیبرپختونخوا میں ہائیڈل فنڈ اور خیبربنک کا سکینڈل سامنے نہیں آیا۔ کرپشن کے دعویداروں کی کرپشن کی داستانیں آسمان کو چھورہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی اجتماعات سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کاعوام کے سامنے پول کھل گیا ہے۔ عمران خان یوٹرن کے ماسٹر ہیں وہ نیازی سروسز میں رقوم کی منتقلی کی تفصیل کیوں نہیں دیتے۔ خدا کا خوف کریں عوام سے حقائق چھپا نہیں سکتے۔ اصلاحات کے دعویداروں کے خیبرپختونخوا میں جرائم میں اضافہ ہوا۔ خیبرپختونخوا میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں وہاں چوہوں کا راج ہے۔ پاکستان کے عوام سازشوں کو ایک مرتبہ پھر ناکام بنائیں گے۔
35