فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ باہلک کے علاقہ پنڈی شیخ موسیٰ میں مشتعل افراد نے قبضہ چھڑانے آنے والی محکمہ مال کی ٹیم پر دھاوا بول دیا، پتھرائو اور آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کر کے علاقہ میں خوف وہراس پھیلا دیا، پولیس حلقہ پٹواری یوسف کی مدعیت میں 39 کس جابر شاہ وغیرہ کے خلاف کار سرکار میں مزاحمت سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق پنڈی شیخ موسیٰ کے حلقہ پٹواری یوسف نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر تاندلیانوالہ کی عدالت سے ملزمان جابر شاہ وغیرہ کے وارنٹ دخل جاری ہوئے اور وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ حکم وارنٹ کی تعمیل کروانے گیا تو ملزمان آپے سے باہر ہو گئے اور متعدد افراد جمع ہو کر محکمہ مال کی ٹیم پر پتھرائو شروع کر دیا اور آتشیں اسلحہ سے ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے علاقہ میں خوف وہراس پھیلا دیا، جس پر محکمہ مال کے عملہ نے بھاگ کر جانیں بچائیں۔ بعدازاں مذکورہ ٹیم کو پولیس کو بلانا پڑا، جس پر تھانہ باہلک پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کر دی ہے۔
46