29

ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے کانسٹیبل کو سپردخاک کردیاگیا

جھنگ (نامہ نگار)فرائض کی انجام دہی کے دوران اشتہاری ملزمان کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کرنے والے جھنگ پولیس کے کانسٹیبل کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس کا کانسٹیبل اخلاق الحسن اقدام قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرنے کے لئے اسلام آباد کے علاقہ بنی گالا گیا جہاں اس نے ایک اشتہاری ملزم کو گرفتار کیا تو ملزم کے ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں کانسٹیبل اخلاق الحسن شہید ہو گیا۔شہید کانسٹیبل کی نماز جنازہ پولیس لائنز جھنگ میں ادا کی گئی جس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ قمر سلطان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد راشد ہدایت، ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی، صدر بار ایسوسی ایشن حیدر علی نانگا، پولیس افسران، مختلف محکموں کے افسران ،وکلاء ، صحافیوں ،شہریوں اور شہید کانسٹیبل کے عزیز و اقارب نے شرکت کی۔ جس کے بعد شہید کنسٹیبل اخلاق الحسن کی میت ان کے آبائی گاؤں چک نمبر 254 ج ب لے جائی گئی جہاں انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے شہید کانسٹیبل کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ شہید کانسٹیبل نے پسماندگان میں بیوہ ، دو بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں