جھنگ (نامہ نگار) سابق ممبر صوبائی اسمبلی رائے تیمور حیات بھٹی نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکو مت کے دور میں ہونے والی ہوش ربا مہنگائی نے غریب عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ آٹا سمیت تما م اشیائے خورونوش عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ معاشی حالات کی بہتری صرف اور صرف عا م انتخابات سے ہی ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گزشتہ روز ”مہنگائی مکائو، الیکشن کرائو ، ملک بچائو” ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی ٹاہلی بھٹیاں سے نکالی گئی جس کی قیادت رائے تیمور حیات بھٹی نے کی ۔ریلی میں بڑی تعداد میں حلقہ پی پی124کے عوام نے شرکت کی۔ ریلی مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی چنڈ پُل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ رائے تیمور حیات بھٹی نے کہاکہ مرکز کے بعد اب پنجاب میں قائم کی جانے والی امپورٹڈ حکومت نے گزشتہ رات اپنی فسطائیت اور طاقت کا ثبوت دیتے ہوئے اور عوامی طاقت کو کچلنے کے لئے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری کو گرفتار کیا جس کی وہ پُر زور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کر کے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیاہے۔اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے 22کروڑ عوام کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کے لئے فی الفور عام انتخابات کروائے جائیں۔
32