41

واصف علی واصف کا عرس 14 فروری کو شروع ہو گا

لاہور (بیوروچیف) معروف روحانی رہنما و صوفی دانشور حضرت واصف علی واصف کا 31 واں سالانہ عرس ان کے مزار واقع میانی صاحب بہاولپور روڈ میں 14 فروری سے شروع ہو رہا ہے۔ عرس کی تقریبات تین دن تک جاری رہیں گی۔پروگرام کے مطابق عرس کا آغاز ان کے مزار شریف پر بعد از نماز عصر رسم چادر پوشی سے ہو گا۔ سردار نصراللہ خان دریشک عقیدت مندوں کے ہمراہ راہ یہ رسم ادا کریں گے۔ اس موقع پر درود و سلام کی محفل ہو گی جس میں اسلام کی سر بلندی اور ملک پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی طور پر دعا کی جائے گی۔ اسی رات محفل سماع ہو گی جس پر آصف علی سنتو اپنے فن سماع کا مظاہرہ کریں گے۔ عرس کے دوسرے روز 15 فروری کو الحمرا ہال نمبر 2 میں ایک سیمینار ہو گا جس میں مقررین حضرت واصف علی واصف رحمتہ اللہ علیہ کی زندگی اور روحانی تعلیمات کے حوالے سے اظہار خیال فرمائیں گے۔ رات کو مزار شریف میں نعت خوانی کی محفل ہو گی جس میں معروف نعت خوان بارگاہ رسالت مآب میں ہدیہ عقیدت پیش کریں گے۔ حضرت واصف علی واصف کے عرس کے آخری روز 16 فروری کو مزار شریف پر ان کی زندگی میں ان سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات سنائے جائیں گے جبکہ بعد از نماز عصر اختتامی دعا ہوگی جس میں دربار خواجہ غلام فرید رحمتہ اللہ علیہ کے سجادہ نشین خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ مہمان خصوصی ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں