51

چولہے اور کوئلے کا استعمال’ بزرگ زندہ جل گیا ‘ دم گھٹنے سے 3سگی بہنیں بیہوش

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سردی سے بچائو کیلئے گیس کے چولہے اور کوئلہ کے استعمال کے دوران آگ لگنے اور دم گھٹنے ادھیڑ عمر شخص زندہ جل گیا، اسکی اہلیہ بری طرح جھلس گئی جبکہ کمرہ میں دھواں بھرنے کے باعث دم گھٹنے سے تین سگی بہنیں بے ہوش ہو گئیں۔ کھرڑیانوالہ میں شارٹ سرکٹ کے باعث جاز ٹاور اور سمندری تا تاندلیانوالہ روڈ پر بجلی کی تاروں سے ٹکرانے سے گنے سے لوڈ ٹرالی کو آگ لگ گئی، ریسکیو1122 نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کرتے ہوئے زخمی اور بے ہوش ہونے والی بہنوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال پہنچایا۔ بتایا جاتا ہے کہ جھمرہ روڈ پر شوگر پھاٹک بسم اﷲ کنڈا کے قریب رہائشی 75سالہ انور مسیح ولد چباں مسیح اور اسکی 70 سالہ اہلیہ مریم بی بی کمرہ میں سردی سے بچنے کیلئے گیس کا چولہا جلا کر سو رہے تھے کہ بستر کو آگ لگنے سے آگ پورے کمرے میں پھیل گئی اور میاں بیوی آگ کی لپیٹ میں آ کر بری طرح جھلس گئے، اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو 75 سالہ انور مسیح دم توڑ چکا تھا جبکہ اسکی بیوی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا جبکہ سٹیٹ بنک آف پاکستان کے سامنے محکمہ انہار کی کالونی کے رہائشی تنویر اختر کی تین بیٹیاں 25سالہ سدرہ کوثر’ 23سالہ وکیلاں کوثر اور منہال کوثر انگھیٹی جلا کر کمرہ میں سو رہی تھی کہ کوئلہ کا دھواں کمرہ میں بھرنے کی وجہ سے دم گھٹنے سے تینوں بہنیں بے ہوش ہو گئیں، اہل خانہ نے صبح دیکھا تو کمرہ دھواں سے بھرا ہوا تھا جس پر ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر مذکورہ بہنوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ علاوہ ازیں کھرڑیانوالہ چوک میں شارٹ سرکٹ کے باعث جاز ٹاور کے الیکٹرک پینل کو آگ لگ گئی اور سمندری تا تاندلیانوالہ روڈ پر بجلی کی تاروں سے ٹکرانے سے گنے سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی میں آگ لگ گئی، اطلاع ملتے ہی ریسکیو فائر بریگیڈ کے عملہ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں