28

کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا ہو گا، سراج الحق

لاہور (بیوروچیف) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا ہو گا۔ کراچی انتخابات میں بعض سیٹوں پر دھاندلی کے مکمل ثبوت موجود ہیں، جماعت اسلامی کا راستہ روکنے کی سازش کی گئی، پیپلزپارٹی نے عوامی مینڈیٹ چرایا۔ واضح کرنا چاہتا ہوں جماعت اسلامی ہی کراچی کی سب سے بڑی پارٹی ہے، صوبے کی حکمران جماعت جب تک اس حقیقت کو تسلیم نہیں کرتی، ہمارا عوامی مینڈیٹ واپس نہیں ملتا، پیپلزپارٹی سے کسی قسم کی بات چیت نہیں ہو گی، دیگر تمام جماعتوں اور آزاد امیدواروں سے مذاکرات کے تمام آپشن کھلے ہیں، جماعت اسلامی ڈائیلاگ پر یقین رکھتی ہے، امید ہے پیپلزپارٹی جماعت اسلامی کا مینڈیٹ قبول کرے گی۔ کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں، عوام کا پذیرائی بخشنے پر بھی بھرپور شکریہ۔ کراچی والوں سے وعدہ کرتے ہیں کہ شہر کو امن، خوشحالی اور ترقی دیں گے، بھتہ خوروں کی رخصتی کا وقت آ گیا، ان شاء اللہ کراچی کی روشنیاں واپس آئیں گی۔ سید منور حسن، پروفیسر غفور، عبدالستار افغانی، نعمت اللہ خان جماعت اسلامی اور کراچی کے عظیم سپوت تھے، شہدا کی قربانیاں رنگ لے آئیں، شہر اپنے اصل کی طرف لوٹ آیا۔ جماعت اسلامی سندھ اور کراچی کے رہنمائوں، کارکنوں اور عوام کو مبارک باد دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں