کمالیہ(نامہ نگار) ایکسئین واپڈا فیسکو سب ڈویژن کمالیہ راؤ عابد بشیر نے کہا ہے کہ سیکرٹری واٹر اینڈ پاور اتھارٹی و چیف ایگزیکٹو فیسکو چوہدری بشیر احمد گجر اور ایس ای فیصل رضا مارتھ کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کمالیہ شہر اور گردونواح میں نواح میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں محکمہ کے افراد پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں جو کہ مختلف اوقات میں شہر اور گردونواح میں گھریلو و کمرشل صارفین کے میٹروں کی چیکنگ کررہے ہیں۔ اس سلسلہ میں دن اور رات کے اوقات میں کام کرنے کے لئے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تا کہ بجلی چوروں کے خلاف موثر کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔ ہماری ٹیموں نے بجلی چوری پکڑنے کے لئے جدید طریقے اور خصوصی آلات استعمال کرتے ہوئے اب تک 100 سے زائد افراد کے خلاف کاروائی کی ہے جن سے پونے دو کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے جا چکے ہیں اور ان افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آرز کا اندراج بھی کروایا جا چکا ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا. انہوں مزید کہا کہ نادہندگان کے خلاف بھی کاروائی کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ کوئی بھی سرکاری و غیر سرکاری صارف اس کاروائی سے بالاتر نہیں ہے۔ نادہندگان کو چاہیے کہ وہ جلد از جلد اپنے واجبات ادا کریں بصورت دیگر ایسے افراد کے بجلی کے کنکشن منقطع کرنے کے ساتھ ساتھ سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
39