کراچی(بیوروچیف)کراچی کے دو مختلف علاقوں میں گھر میں گیس سلینڈر پھٹ جانے سے دو خواتین جاں بحق ہوگئیں، ناظم آباد میں جیولرز کی دکان میں ہونے والی ڈکیتی کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی۔کراچی کے علاقہ نارتھ ناظم آباد بلاک ایم فلیٹ میں فلیٹ میں گیس سلینڈر دھماکے کے نتیجے میں زخمی خاتون دوران علاج دم توڑ گئی، متوفیہ 40 سالہ رابعہ 90 فیصد جھلس کر زخمی ہوئی تھی۔پولیس کے مطابق سلینڈر پھٹنے کے نتیجے میں متوفیہ کے شوہر سمیت دو افراد زخمی بھی ہوئے تھے، واقعہ اپارٹمنٹ کی چوتھی منزل پر فلیٹ میں پیش آیا تھا۔دوسری جانب ملیر بکرا پیڑی کے قریب گھر میں سلنڈر دھماکے سے شدید زخمی ہونے والی ایک خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق خاتون کی شناخت شاہینہ زوجہ اورنگزیب کے نام سے ہوئی، جاں بحق ہونے والی خاتون کی ایک بیٹی 80 فیصد جبکہ شوہر 60 فیصد جھلس چکے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق گیس سلینڈر دھماکے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جھلس کر زخمی ہوئے تھے۔پاپوش نگر صرافہ بازار میں جیولرز کی دکان میں ڈکیتی کے واقعے کا مقدمہ تھانہ پاپوش نگر میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات میں ڈاکو ڈھائی لاکھ روپے نقدی اور 12 تولہ طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوئے، دکاندار کی مزاحمت کے باعث ڈاکو اپنا بڑا اسلحہ چھوڑ کر فرار ہوگئے جبکہ گولی لگنے سے دکاندار زخمی بھی ہوا۔مقدمے کے متن کے مطابق ڈاکووں کی تعداد 5 سے زائد تھی جو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوئے، واقعہ کی سی سی ٹی وی بھی منظر عام پر آچکی ہے۔
42