39

گیس لوڈ شیڈنگ سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ‘ روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد کے اکثر علاقوں میں گیس لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تھم نہ سکا، جس کے باعث شہریوں کو ناشتہ اور کھانا تیار کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا’ آٹا کی قیمتوں میں اضافہ اور گیس لوڈشیڈنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نان بائیوں نے روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔ تفصیل کے مطابق شہر میں ٹیکسٹائل ملیں’ فیکٹریاں بند ہونے کی وجہ سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہو چکے ہیں، آئے روز اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے غریب شہری مہنگائی کی چکی میں پس چکے ہیں اور دو وقت کی روٹی کا حصول ناممکن ہوتا جا رہا ہے، اس کے ساتھ فلور ملوں کی طرف سے آئے روز آٹا کے ریٹ بڑھائے جا رہے ہیں اور رہی سہی کسر گیس کی لوڈشیڈنگ نے پوری کر دی۔ گیس نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ وطالبات اور دیگر سرکاری وغیر سرکاری محکموں کے ملازمین بغیر ناشتہ کئے سکولوں اور ڈیوٹی پر جانے پر مجبور ہیں۔ نان بائیوں نے سادہ روٹی کی قیمت 15 روپے اور نان کی قیمت 25 سے 30 روپے تک کر دی ہے۔ غریب عوام آٹا’ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ اور گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں اور حکمران مہنگائی پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتے ہیں جبکہ ضلعی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بڑے بڑے مگرمچھوں کو پکڑنے کی بجائے سبزی’ پھل فروشوں اور معمولی کریانہ سٹورز پر چھاپے مار کر بھاری جرمانے کرتے نظر آتے ہیں اور مصنوعی مہنگائی کرنے والے عناصر کو لگام دینے میں ناکام ہیں۔ شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ مصنوعی مہنگائی پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ صبح شام گیس کی لوڈشیڈنگ کو ختم کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں