27

ہائیکورٹ کی عید الفطر تک بیکریوں کو رات ایک بجے تک کام کرنے کی اجازت

لاہور (بیوروچیف) لاہور ہائیکورٹ نے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدراک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے عید الفطر تک بیکریوں کو رات ایک بجے تک کام کرنے کی اجازت دے دی اور ساتھ ہی ماحولیاتی سفیر مقرر کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ عدالت نے ایمپوریم مال کے اردگرد غیر قانونی پارکنگ فوری سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے شہر میں جگہ جگہ انڈر پاسز بنانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور ریماکس دئیے کہ جہاں دل کرتا ہے انڈر پاس بنا دیتے ہیں، انڈر پاس بنانے کی بجائے اگر سڑکوں کی ری ماڈلنگ ہوجائے تو تمام مسائل حل ہوجائیں۔جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق ، اظہر صدیق سمیت دیگر کی ایک ہی نوعیت کی دائر درخواستوں پر سماعت کی جس میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی۔قبل ازیں عدالت نے ماہ رمضان کے پیش نظر ریسٹورنٹس کے اوقات کار تبدیل کرنیکی اجازت دی تھی ۔عدالت نے ماہ رمضان کی آمد کے پیش نظر بیکریوں اور ریسٹورنٹس کو رات گیارہ بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دی تھی ۔ جمعہ کو دوران سماعت عدالتی حکم پر ایل ڈی اے ، پی سی بی، سی ٹی او لاہور سمیت دیگر محکموں کے حکام پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت نے کہا کہ واٹر اینڈ انوائرمنٹل کمیشن آئندہ سماعت پر ماحولیاتی سفیر کے لیے نام تجویز کرے۔ عدالت نے ایل ڈی اے کو جوہرٹائون کے مال کے اطراف غیر قانونی پارکنگ ہٹانے اور غیر قانونی پارکنگ کرنے والوں کے خلاف جرمانے کا بھی حکم دیا۔عدالت نے انڈرپاسز بنانے کے بجائے سڑکوں کی ری ماڈلنگ سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ ٹریفک پولیس کو تو لوگ کچھ سمجھتے ہی نہیں ہیں ،ٹریفک پولیس کو مزید بااختیار کرنے کی ضرورت ہے ،دبئی میں اگر کوئی ٹریفک والا کسی کو روک لے تو کسی کی جرت نہیں ہوتی کہ بات کر لے ۔عدالت نے مزید کارروائی آئندہ ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں