2

آبی گزرگاہوں پر560تجاوزات تاحال برقرار

اسلام آباد(بیوروچیف) ملک بھر میں آبی گزرگاہوں پر تجاوزات کی سنگین صورتحال سامنے آ گئی، انسدادی کارروائیوں میں پنجاب کے سوا تمام صوبے پیچھے رہ گئے۔پاکستان بھر میں اس وقت آبی گزرگاہوں پر مجموعی طور پر 560 تجاوزات تاحال برقرار ہیں جبکہ صوبوں میں انسداد تجاوزات آپریشنز کی کامیابی کا تناسب یکساں نہیں۔دستاویزات کے مطابق پنجاب میں آبی گزرگاہوں پر تجاوزات کے خلاف آپریشنز نمایاں طور پر کامیاب رہے ہیں، صوبے میں 2 ہزار 708 تجاوزات رپورٹ ہوئیں، جن میں سے صوبائی انتظامیہ نے 2 ہزار 557 تجاوزات ختم کر دیں جبکہ اب بھی 151 تجاوزات موجود ہیں، پنجاب میں انسداد تجاوزات آپریشنز کی کامیابی کا تناسب 95فیصد سے زائد بتایا گیا ہے۔دوسری جانب سندھ میں تجاوزات کے خلاف کارروائی نہ ہونے کے برابر رہی، سندھ میں 164میں سے صرف 4 آبی گزرگاہیں بحال کی جا سکیں جبکہ158تجاوزات تاحال موجود ہیں۔ خیبرپختو نخوا میں بھی صورتحال تشویشناک ہے، جہاں 377آبی گزرگاہوں میں سے 251پر تجاوزات تاحال نہیں ہٹائی جا سکیں۔دستاویزات میں یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ بلوچستان میں آبی گزرگاہوں پر تجاوزات سے متعلق کوئی مستند اعداد و شمار دستیاب نہیں جس پر شفافیت اور مثر حکمت عملی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں