بینکاک (مانیٹرنگ ڈیسک) تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والے اسکائی ڈائیور تنابوورن سیری کوناکورنکن المعروف سپر ٹوم نے دنیا کے بلند ترین فعال آتش فشاں پر کامیاب لینڈنگ کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔گینیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق تنابوورن نے چلی کے مشہور آتش فشاں اوجوس ڈیل سالادو پر سطح سمندر سے 5442 میٹر کی بلندی پر لینڈنگ کی، جسے اب دنیا کی بلند ترین اسکائی ڈائیونگ لینڈنگ قرار دیا گیا ہے۔اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے 2023 میں قائم کیا گیا 5317 میٹر کی بلندی کا سابقہ عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔48 سالہ تنابوورن ایک ریئل اسٹیٹ کاروباری شخصیت اور یونیورسٹی پروفیسر بھی ہیں۔ انہوں نے اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بلندی سے منظر ناقابلِ یقین حد تک خوبصورت تھا۔ان کے مطابق مختلف معدنیات کے رنگوں نے پورے آتش فشاں کو قوسِ قزح جیسا بنا دیا تھا اور یہ مقام واقعی حیرت انگیز دکھائی دیتا تھا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ تنابوورن نے صرف 2024 میں اسکائی ڈائیونگ شروع کی، تاہم اب تک وہ 1250 سے زائد جمپس مکمل کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اس ریکارڈ کے ذریعے دنیا بھر میں تھائی لینڈ کا نام روشن کرنا چاہتے تھے تاکہ ملک کے لوگ اس کامیابی پر فخر محسوس کریں۔




