آج بارش کا امکان

اسلام آباد(بیوروچیف) محکمہ موسمیات نے آج سے سندھ، جنوبی پنجاب، کشمیر، شمال مشرقی، جنوبی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ24گھنٹوں کے دوران ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا، تاہم جنوب مشرقی سندھ اور خضدار میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ سندھ میں چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوئی۔سب سے زیادہ بارش سندھ کے علاقے بدین میں 68ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ تھرپارکر اور نگرپارکر میں 12ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔جنوبی سندھ، مشرقی بلوچستان اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں گرم اور حبس رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم مرطوب اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم رات کے اوقات میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور حبس رہنے کا امکان ہے تاہم دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کرم اور وزیرستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اسی طرح، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود اور حبس رہنے کا امکان ہے۔ تاہم بہاولپور، رحیم یار خان، راجن پور، ڈی جی خان میں چند مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ رات کے اوقات میں راولپنڈی، مری، گلیات، گجرنوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔سندھ کے علاقوں میرپور خاص، مٹھی، تھر پارکر، بدین، سجاول، عمر کوٹ، چھاچھرو، پڈعیدن، خیرپور، کراچی، ٹھٹھہ، گھوٹکی، چھور، سکھر، کشمور، شکارپور، جیکب آباد، لاڑکانہ، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، دادو، حیدر آباد، ٹنڈو اللہ یار، ٹنڈو محمد خان، مٹیاری اور شہید بینظیر آباد میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ تاہم بارکھان، سبی، کوہلو، موسی خیل، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد، ژوب، قلات، خضدار، آواران، لسبیلہ اور گردونواح میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران، کشمیر میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں