آج سے بارشوں کا امکان

اسلام آباد (بیوروچیف) مون سون بارشوں کا 11واں اسپیل آج سے شروع ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 19 ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ بڑے شہروں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، مری، اٹک، چکوال اور جہلم میں بارش متوقع ہے، جب کہ 18 اور 19 ستمبر کے دوران راولپنڈی، مری اور گلیات کے ندی نالوں میں پانی کے بہا میں اضافے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں طغیانی اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔آج خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، جب کہ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب ملک کے جنوبی اور مغربی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت مری، گلیات، جہلم، اٹک، چکوال، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، سرگودھا، خوشاب، نورپورتھل، میانوالی، قصور، حافظ آباد، فیصل آباد، منڈی بہاالدین، گجرات اور گوجرانوالہ میں بارش متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان، دیر، شانگلہ، بونیر، مردان، چترال، کوہستان، ہری پور، بنوں، لکی مروت، باجوڑ، پشاور، سوات، کوہاٹ، بٹگرام، ایبٹ آباد، صوابی، مانسہرہ، خیبر، نوشہرہ، اورکزئی، کرم اور وزیرستان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جب کہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے تنبیہ جاری کی ہے کہ اس دوران تیز آندھی، جھکڑ، ژالہ باری اور گرج چمک کے باعث روزمرہ معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں، جب کہ کمزور انفرا اسٹرکچر جیسے کچے گھر، دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔موسلادھار بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ محکمہ موسمیات نے مسافروں اور سیاحوں کو محتاط رہنے اور موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں