فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او تنویر حسین کی ہدایت پر جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کیلئے آج پھر 5مبینہ پولیس مقابلوں میں 2ڈاکو ہلاک اور ڈرگ ڈیلر سمیت 3ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ان کے 13ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے’ پولیس نے نعشوں کو قبضہ میں لیکر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا اور ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ایس ایچ او سٹی جڑانوالہ مظفر علی کھوکھر نے بتایا کہ اے ایس آئی ظفر اقبال ڈکیتی کے ملزم معظم علی ولد اشرف سکنہ علوی پارک کو ریکوری کیلئے لے جا رہے تھے کہ جب وہ پل شہروآنہ نہر کے قریب پہنچے تو موٹرسائیکل سوار 4مسلح افراد نے پولیس گاڑی کو روک کر ساتھی کو چھڑوا کر فرار ہو گئے۔ پولیس پارٹی نے ریسکیو15 پر ملزم کے فرار کی کال کرتے ہوئے تعاقب کیا تو پولیس کی بھاری نفری’ ایلیٹ فورس بھی موقع پر پہنچ گئی اور 125 گ ب کے قریب مقابلہ کے بعد پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو 126 گ ب فصل میں معظم علی زخمی حالت میں پڑا تھا جسکو ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ اس کے 4ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ مرنے والا ڈاکو 50 سے زائد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا جبکہ دوسرا مبینہ پولیس مقابلہ تھانہ صدر سمندری کے علاقہ مہالم پل کے قریب 3موٹرسائیکلوں پر 4مسلح افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی۔ تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جسکی شناخت گلفام ولد احمد دین سکنہ 465 گ ب کے نام سے ہوئی جوکہ 21 مقدمات میں ریکارڈیافتہ تھا۔ مضروب کو ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ اس کے تین ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ تیسرا مبینہ پولیس مدینہ ٹائون کے علاقہ غوثیہ روڈ پر ہوا جہاں پر ایس ایچ او سب انسپکٹر عدیل اکرم نے عملہ کے ہمراہ غوثیہ روڈ پر مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی۔ تاہم فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم جو کہ اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جس نے اپنا نام وپتہ عبدالجبار ولد محمد یٰسین سکنہ 465 گ ب سمندری بتایا جبکہ اس کے دو ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، مضروب کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ مضروب 11مقدمات میں ریکارڈیافتہ پایا گیا۔ چوتھا پولیس مقابلہ نشاط آباد کے علاقہ پل ڈینگرو کے قریب ہوا جہاں پر ایس ایچ او نشاط آباد ساجد محمود نے بتایا کہ وہ عملہ کے ہمراہ پل ڈینگرو کے قریب ناکہ پر مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور 49 ج ب منڈا پنڈ کی طرف فرار ہو گئے، تاہم پولیس نے تعاقب کرتے ہوئے جوابی فائرنگ بھی کی۔ تاہم فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام وپتہ خاور عباس ولد غلام دستگیر سکنہ 112 ج ب بتایا، جس کی تلاشی لینے پر پسٹل’ 1180 گرام ہیروئن بھی برآمد ہوئی اور مذکورہ ملزم منشیات سپلائر اور پولیس کو متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ مضروب کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچایا جبکہ اس کے 3ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ پانچواں مبینہ پولیس مقابلہ سی سی ڈی کیساتھ ہوا جہاں پر سی سی ڈی کے انسپکٹر سرفراز وڑائچ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 52 ج ب موٹروے کے قریب مشکوک موٹرسائیکل سوار کو روکا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے موٹرسائیکل بھگا دی۔ تاہم پولیس نے تعاقب کیا تو موٹرسائیکل سوار بجلی کے کھمبے سے ٹکرا کر گر پڑا۔ جسکی شناخت علی حسن ولد خالد کے نام سے ہوئی جبکہ اس کا ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گیا، پولیس نے فرار ہونیوالے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




