کینبرا (مانیٹرنگ ڈیسک) آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا سے تعلق رکھنے والے58سالہ جوزف میکگریل-بیٹیپ نے 122.4ڈیسیبل کی بلند آواز میں چیخ کر گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔جوزف نے یہ ریکارڈ سات کوششوں کے بعد قائم کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کوشش کے بعد کئی دن تک ان کی آواز متاثر رہی۔انہوں نے بتایا، اس عمل کی مشق کرنا ممکن نہیں ہے، عالمی ریکارڈ بنانے کے لیے آپ کو اپنی پوری آواز اسی ایک دن کے لیے محفوظ رکھنی پڑتی ہے۔جوزف نے بتایا کہ انہوں نے مختلف الفاظ آزمانے کے بعد Now کا انتخاب کیا۔ یہ ریکارڈ 2 مئی کو ایک ریڈیو اسٹوڈیو میں پیشہ ور صوتی انجینئر اور گواہوں کی موجودگی میں ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے جمعہ کو اس کی باضابطہ تصدیق کی۔122.4 ڈیسیبل کی یہ آواز گرجدار بادلوں یا چین سا (Chain Saw) کی آواز کے برابر سمجھی جاتی ہے۔یہ جوزف کا پہلا عالمی ریکارڈ نہیں۔ 2019 میں انہوں نے 60.03 سیکنڈ میں 10 تیر اندازی کے ہدف مکمل کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا تھا، تاہم صرف نو ماہ بعد ایک سات سالہ بچے نے ان کا یہ ریکارڈ توڑ دیا۔




