آم کے چھلکوں کے صحت کے لیے حیرت انگیز فوائد

لاہور (بیوروچیف) گرمیوں میں آم کو پھلوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے اور یہ ذائقے کے ساتھ ساتھ غذائیت سے بھی بھرپور ہوتا ہے۔ عام طور پر لوگ آم کھانے کے بعد اس کا چھلکا پھینک دیتے ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق یہی چھلکا کئی ایسے غذائی فوائد رکھتا ہے جو صحت کے لیے نہایت مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ آم کے چھلکے میں وٹامن اے، وٹامن سی، وٹامن کے، میگنیشیم، کولین اور پوٹاشیم سمیت متعدد اہم غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں اینٹی آکسیڈنٹس، کیروٹینائڈز اور پولی فینولز بھی پائے جاتے ہیں، جو جسم کو نقصان پہنچانے والے فری ریڈیکلز کے اثرات کم کرنے اور دل کی بیماریوں سمیت بعض اقسام کے کینسر کے خطرات میں کمی لانے میں مددگار سمجھے جاتے ہیں۔تحقیقی رپورٹس کے مطابق آم کے چھلکے کا استعمال بلڈ شوگر کو متوازن رکھنے اور وزن میں کمی کے عمل میں بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ ایک تحقیق میں بھی یہ بات سامنے آئی تھی کہ آم کے چھلکے میں موجود بعض قدرتی اجزا خون میں شوگر کی سطح کو قابو میں رکھنے اور جسمانی وزن کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ماہرین کے مطابق آم کے چھلکے سے غذائیت سے بھرپور چائے بھی تیار کی جا سکتی ہے۔ اس کے لیے چھلکے کو پانی میں ابال کر اس میں ذائقے کے لیے شہد یا لیموں کا رس شامل کیا جا سکتا ہے۔ یہ مشروب وٹامنز اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہونے کے باعث صحت کے لیے فائدہ مند سمجھا جاتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ آم کے چھلکے میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس بڑھاپے کی رفتار سست کرنے میں بھی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ جسم کو مختلف بیماریوں سے بچانے میں معاون ہوتے ہیں، جس کے نتیجے میں عمر بڑھنے کے اثرات نسبتاً دیر سے ظاہر ہوتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں