آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنیوالوں کیخلاف کارروائیوں کا آغاز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک نے آٹے کی ذخیرہ اندوزی، مصنو عی قلت اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کیخلاف بھرپور کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔یہ کارروائیاں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر محکمہ خوراک کی ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے اور زائد نرخوں پر فروخت میں ملوث13دکانداروں کے لائسنس معطل جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر2 دکا نو ں کو سیل کر دیا گیا۔اس کے علاوہ منافع خور عناصر کومجموعی طور پر3لاکھ 70ہزار روپے کے بھاری جرمانے عائد کئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے واضح کیا کہ شہریوں کومقررہ داموں آٹے کی بلا تعطل فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ضلع بھر میں روزانہ70 ہزار سے زائد آٹے کے تھیلے مارکیٹ میں سپلائی کئے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی قلت پیدا نہ ہو۔ حکومت کی جانب سے آٹے کے 15 کلو کے تھیلے کی سرکاری قیمت 1810 روپے جبکہ 10 کلو کے تھیلے کی قیمت 905 روپے مقرر کی گئی ہے جس پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مقررہ نرخ سے زائد وصول کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ شہر بھر میں خصوصی ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹس کی نگرانی کر رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں