ابوانیس برکت علی لدھیانوی کا سالانہ عرس ،ہزاروں عقیدت مندوں کی شرکت

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عظیم عاشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ولی کامل روحانی شخصیت حضرت ابو انیس صوفی محمد برکت علی لدھیانوی قدس سرہ العزیز کا 30واں سالانہ عرسِ پاک بڑی عقیدت، احترام اور روحانی ماحول میں منایا گیا۔ اس موقع پر پاکستان بھر سے مختلف شہروں سے ہزاروں کی تعداد میں مریدین، محبین اور عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ اللہ تعالی اور اس کے پیارے رسول ۖ کے ذکر سے اپنے قلوب و اذہان کو معطر کیا۔حضرت ابو انیس صوفی محمد برکت علی لودھیانوی بیسویں صدی کی ایک عظیم روحانی، علمی اور اصلاحی شخصیت تھے۔ آپ رحم اللہ علیہ 1911 میں لدھیانہ (بھارت) میں پیدا ہوئے اور بعد ازاں پاکستان میں دین اسلام کی اشاعت اور روحانی اصلاح کے لیے اپنی پوری زندگی وقف کر دی۔ آپ دارالاحسان کے بانی تھے اور آپ کی تعلیمات کا بنیادی پیغام قرآن و سنت کی پیروی، ذکرِ الہی اور محبتِ رسول ۖ تھا۔ حضرت ایک عظیم مصنف بھی تھے۔ آپ نے دین، اخلاق، روحانیت اور فلسفہ پر 400 سے زائد کتابیں تحریر کیں ۔جن میں مقالاتِ حکمت، مکشوفاتِ منازلِ احسان، کتاب العمل بالسن اور اسما النبی الکریمۖ جیسی معروف تصانیف شامل ہیں۔ آپ کی تحریروں اور تعلیمات نے لاکھوں لوگوں کی روحانی و اخلاقی تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔آپ رحمتہ اللہ علیہ سچے عاشق رسولۖ اور اولیاِ کرام کے فیض یافتہ تھے، آپ رحمتہ اللہ علیہ کے قائم کردہ کیمپ دارالاحسان سمندری روڈ فیصل آباد میں ہر وقت ذکرِ الہی کی محافل ہوتی ہیں اور روحانی تربیت کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ اسی سلسلے کی ایک اہم خدمت یہ بھی ہے کہ قدیم عرصے سے خلقِ خدا کی خدمت کے لیے سال میں دو مرتبہ فری آئی کیمپ کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس میں پاکستان بھر سے معروف آئی اسپیشلسٹ ڈاکٹرز شریک ہو کر لوگوں کا مفت معائنہ اور علاج معالجہ کرتے ہیں۔کیمپ دارالاحسان میں ایک مطب بھی ہے جس میں تمام امراض کے علاج کے لیے مفت ادویات دی جاتی ہیں ۔ قرآن پاک کی عظمت کو بلند کرنے کے لیے قرآن محل بنایا گیا ہے جہاں بڑے بڑے نایاب قرآن پاک کے نسخے موجود ہیں آپ رح نے 16 رمضان 1997 کو وصال فرمایا۔ آج تک آپ کی وصیت کے مطابق دربار شریف پر قرآن و سنت کے مطابق عمل کیا جارہا ہے۔بھائی شفیع گوندل صاحب کے وصال کے بعد مہتمم کیمپ دارالاحسان بھائی نجیب اللہ صاحب دربار عالیہ کے انتظامات کی سرپرستی کررہے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں