تائیوان (مانیٹرنگ ڈیسک) این ویڈیا نے ایک نئی چپ متعارف کرا دی ہے جو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو براہِ راست پرسنل کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپس میں لے آئی گی، جس سے ٹیکنالوجی کی دنیا میں بڑی تبدیلی متوقع ہے۔ کمپنی کے سی ای او جینسن ہوانگ نے کمپیوٹیکس کانفرنس سے قبل خطاب میں بتایا کہ نیا RTX Spark چپ مائیکروسافٹ کے تعاون سے تیار کی گئی ہے اور اس کا مقصد اے آئی دور کے لیے کمپیوٹر کو ازسرِ نو تشکیل دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس چپ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ اے آئی سسٹمز کو کلاڈ پر انحصار کے بجائے براہِ راست ڈیوائس پر چلانے کی صلاحیت فراہم کرے گی، جس سے رفتار اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔یہ چپ تائیوان کی کمپنی MediaTek کے تعاون سے تیار کی گئی ہے، جبکہ ماہرین کے مطابق یہ روایتی کمپیوٹنگ کو ایجنٹک اے آئی میں تبدیل کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔مزید برآں این ویڈیا نے Vera CPU بھی متعارف کرایا، جو اے آئی ایجنٹس کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے اور ابتدائی طور پر OpenAI، Anthropic اور SpaceX جیسے ادارے اسے استعمال کر رہے ہیں۔ماہرین کے مطابق 2026 کو اے آئی ایجنٹس کا سال قرار دیا جا رہا ہے، جہاں کمپیوٹرز محض صارف کے احکامات پر نہیں بلکہ خودکار انداز میں بھی کام کریں گے۔جینسن ہوانگ نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ اے آئی سے نوکریاں کم ہوں گی، ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی سافٹ ویئر انجینئرز کی طلب میں مزید اضافہ کرے گی۔کمپیوٹیکس نمائش 2سے 5جون تک جاری رہے گی، جہاں دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سربراہان شرکت کر رہے ہیں۔




