اسلام آباد (بیورو چیف)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کی کامیابی پاکستان اور چین کی قیادت کے مضبو ط سیاسی عزم اور پختہ ارادے کا نتیجہ ہے ، پاکستان چینی کمیونسٹ پارٹی کی تنظیم، قیادت، طرز حکمرانی اور طویل المدتی منصوبہ بندی کے تجربے سے سیکھنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے،5سیاسی راہداریوں کے تحت منظم تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں جو سی پیک 2.0کیلئے سیاسی اور ادارہ جاتی بنیاد فراہم کرسکتی ہیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے وفد نے ملاقات کی جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، سیاسی و جماعتی روابط، سی پیک 2.0اور دونوں ممالک کے درمیان ترقیاتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد، سیاسی اتفاق رائے اور ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کی حمایت پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء میں جب پاکستانی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری سے ہچکچا رہے تھے، اس وقت چین نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اعتماد کا مظہر ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کی کامیابی پاکستان اور چین کی قیادت کے مضبوط سیاسی عزم اور پختہ ارادے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چینی کمیونسٹ پارٹی کی تنظیم، قیادت، طرز حکمرانی اور طویل المدتی منصوبہ بندی کے تجربے سے سیکھنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔




