ادارہ کی سروسز کو مزید مستعد بنایا جائے، ڈی جی FDA

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ہدایت کی ہے کہ ادارہ کی سروسز کو مزید مستعد بنایا جائے اس سلسلے میں ان لائن سروسز کی فراہمی کے لیے جدید اصلاحات پر کماحقہ عمل درامد ہونا چاہیئے۔ انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس میں محکمانہ سروسز کے حوالے سے جدید اصلاحات پر عمل درامد کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کی۔ چیف انجینیئر ایف ڈی اے مہر ایوب، ڈائریکٹر ائی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن، ڈپٹی ڈائریکٹر ائی ٹی عبداللہ نور اور دیگر افسران اجلاس میں موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ عوامی ریلیف کے لیے سروسز ڈلیوری کو عالمی معیار کے مطابق بنانا اولین مشن ہے اس سلسلے میں کوئی فنی یا انتظامی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیئے۔ انہوں نے تاکید کی کہ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے بقایا کام کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے تاکہ خود کار نظام کے تحت دفتری امور میں اعلی نظم و نسق یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رئیل ٹائم میں جائیدادوں کے اونرشپ کلیئرنس سرٹیفکیٹس، ٹائون پلاننگ رپورٹس اور قبضہ سلپ کے اجرا سے سروسز کے معیار میں اضافہ اور دفتری کام نپٹانے میں تیزی آئی ہے جبکہ دیگر سروسز کو بھی عوامی توقعات کے مطابق بنانے کے لیے کے لئے جدید اقدامات میں کوئی کسر باقی نہیں رہنی چاہیے۔ انہوں نے ای فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم پر عمل درامد کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ پیپر لیس ورکنگ کے اس منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کریں اور آن لائن سرکاری خط و کتابت کے حوالے سے سسٹم پر مکمل عبور ہونا چاہیے تاکہ پائیدار بنیادوں پر روزمرہ کے سرکاری امور کی انجام دہی ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں