اسرائیلی بمباری سے غزہ مٹی کے ڈھیر میں تبدیل

غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلسل اسرائیلی حملوں کی زد پر موجود غزہ کی تباہی کی سیٹلائٹ تصاویر جاری کردی گئیں تصاویر میں غزہ کے علاقو ں کو مٹی کے ڈھیر میں تبدیل ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔فلسطینی سول ڈیفنس کے مطابق صرف گزشتہ چند ہفتوں میں کم از کم 50کثیر المنزلہ عمارتیں تباہ کی جا چکی ہیں، غزہ سٹی کے علاقے الزیتون میں اگست کے آغاز سے اب تک 1,500سے زائد گھروں اور عمارتوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔اسرائیلی فوج نے آج غزہ میں فضائی حملوں کے ذریعے 2 اقوام متحدہ کے اسکولوں کو نشانہ بنایا جہاں بے گھر فلسطینی پناہ گزین تھے، جس میں کم ازکم 23 افراد شہید ہوگئے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی بمباری اور جبری انخلا کے احکامات کے باوجود اب بھی 13 لاکھ سے زائد فلسطینی، جن میں 3 لاکھ 50 ہزار بچے شامل ہیں، غزہ سٹی اور شمالی علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔غزہ پر اسرائیل فوج کے حملوں میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک کم از کم 64 ہزار 803 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 64 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ ہزاروں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ دریں اثناء ۔غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل نے غزہ پر حملے تیز کر دیے، شمالی غزہ میں اسرائیلی فضائیہ نے رہائشی عمارتوں پر بم برسائے، ان حملوں میں مجموعی طور پر مزید 50سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز غزہ میں حملے جاری رکھے اور بھوکے پیاسے اور خوف زدہ فلسطینیوں کو اپنی جان بچانے کے لیے بھاگ جانے کی وارننگ پر مبنی پمفلٹ گرائے گئے۔الجزیرہ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی طیاروں نے ہر10 سے 15 منٹ بعد بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا اور اکثر لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کا وقت نہیں ملا۔ اسرائیل کے 3 فضائی حملوں میں غزہ کے جنوب مغرب میں واقع پبلک پراسیکیوشن بلڈنگ کو نشانہ بنایا گیا۔الجزیرہ کے مطابق، وسطی غزہ کے بریج کیمپ پر اسرائیلی حملے میں ایک شخص شہید ہوا جبکہ اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطین اسٹیڈیم میں بے گھر افراد کے خیمے پر اسرائیلی حملے میں 4 افراد شہید ہوئے۔خان یونس میں اسرائیلی حملے میں 3 فلسطینی شہید ہوگئے۔الجزیرہ کے مطابق گزشتہ روز غزہ میں اسرائیلی حملوں میں مجموعی طور پر 50 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے۔اس کے علاوہ بھوک کی شدت سے بھی7 اور فلسطینی انتقال کر گئے۔فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں نسل کشی کے لئے 8 ارب ڈالر فنڈز کی منظوری دے دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں