اقلیتوں کے تحفظ،ترقی،احترام پر سمجھوتہ نہیں ہوگا،شہباز شریف،مریم نواز

اسلام آباد(بیورو چیف) وزیراعظم شہباز شر یف نے کہا کہ پاکستان ا قلیتو ں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقوام عالم کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی مذہبی آزادی کے لیے ہمیشہ کوشاں رہے گا۔ اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود حکومت کے ترجیحی فرائض میں شامل ہے اور ان کی ناقابلِ فراموش خدمات کو قومی اثاثہ سمجھا جاتا ہے، انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ آج پاکستان میں اقلیتوں کو تمام شہری و مذہبی حقوق حاصل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 11 اگست 1947 کی تاریخی تقریر اقلیتوں کے محفوظ مستقبل کی نظریاتی ضمانت ہے اور ہم اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ اقلیتوں کو مساوی مواقع فراہم کر کے قومی ترقی میں ان کا کردار مزید مثر بنایا جائے گا۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو اقلیتوں کے جذبہ حب الوطنی اور ثقافتی ورثے سے لگا پر فخر ہے اور حکومت ان کی قومی دھارے میں بھرپور شمولیت کے لئے پرعزم ہے۔دریں ثنائ۔لاہور(بیوروچیف) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اقلیتیں پاکستانی معاشر ے کا حسن اور سر کا تاج ہیں، اقلیتوں کے تحفظ، ترقی اور احترام پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔اقلیتوں کے قومی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کا پاکستان سب کا وطن ہے اور سب یہاں اپنے عقیدے کے ساتھ محفوظ اور آزاد ہیں، وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لئے سرگرم تمام اقلیتی بہن بھائیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مینارٹیز کو تعلیم وترقی اور فلاح وبہبود کا پورا حق دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، تاریخ میں پہلی بار پنجاب کو اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کیلئے مینارٹی کارڈ متعارف کرانے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پچاس ہزار اقلیتی بہن بھائیوں کو مینارٹی کارڈز سے سہ ماہی ساڑھے 10 ہزار روپے دیئے جا رہے ہیں، مینارٹی کارڈ کی تعداد 75 ہزار تک بڑھائی جائے گی، پنجاب کو ہی پہلا سکھ میرج ایکٹ 2024 منظور کرنے کا اعزاز حاصل ہوا، اب آنند کارج کو قانونی حیثیت دی گئی ہے، زیر التوا ہندو میرج ایکٹ 2017 کی 2025 میں منظوری دی گئی ہے۔مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں اقلیتی برادری کیلئے تعلیم، صحت، روزگار تک بآسانی رسائی ممکن بنا رہے ہیں، رواں مالی سال اقلیتی برادری کیلئے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی بجٹ 8 ارب مختص کیا گیا ہے۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری کے مذہبی تہواروں کی گرانٹس 6 کروڑ سے بڑھا کر 36 کروڑ 60 لاکھ روپے کی گئی، 40 تاریخی گوردوارے، 25 چرچز اور 5 مندروں کی بحالی کیلئے بجٹ میں خطیر رقم مختص کی گئی، لاہور میں سمادھی مہاراجہ رنجیت سنگھ، راولپنڈی کے شری کرشنا مندر اور چرچ آف پاکستان کی بحالی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی طلبا کیلئے 60 ملین روپے کے سکالرشپ فنڈز جاری کئے گئے، یوحنا آباد میں لائیو کورسز کا آغاز کیا گیا جس سے پہلے مرحلے میں 1,000، دوسرے میں 10,000 طلبا مستفید ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بیساکھی، ہولی، دیوالی، کرسمس اور ایسٹر پہلی بار سرکاری سطح پر بھرپور طریقے سے منائے گئے، صوبہ میں اقلیتی کوٹہ سسٹم پر من و عن عمل کیا جا رہا ہے، اقلیتوں کے حقوق کے محافظ ہیں بلکہ ان کو ترقی کے ہر میدان میں ان کا جائز حصہ دینے کیلئے پرعزم ہیں۔مریم نواز نے مزید کہا کہ ایک ایسے معاشرے کی طرف بڑھ رہے ہیں جہاں محبت، رواداری اور بھائی چارہ ہماری پہچان ہوگا، اقلیتیں پاکستان کا خوبصورت رنگ ہیں اور ہم اس رنگ کو کبھی ماند نہیں ہونے دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں