111

الائیڈ ہسپتال ون ، ٹو میں تعمیراتی کام جاری ، شدید سردی میں مریض اور لواحقین بے یارو مدد گار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شدید سردی کے دوران شہر کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں کنسٹرکشن کے کام کے دوران مریضوں کے ساتھ ساتھ تیمارداری کیلئے آنیوالے لواحقین بھی بیمار ہونے لگے، الائیڈ ون اور الائیڈ ٹو (سابق ڈی ایچ کیو ہسپتال) میں وارڈز میں تعمیر کے کام کے دوران مریضوں کے لواحقین شدید سردی میں رات بسر کرنے پر مجبور ہو گئے، ہسپتال انتظامیہ بھی خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگی۔ تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر شہر کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں تعمیر وترقی اورتزئین وآرائش کا کام شروع کر دیا گیا۔ وارڈز کی توڑ پھوڑ کے دوران شدید سردی کی لہر کے باعث ہیٹنگ کا خاطر خواہ انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کے ساتھ ساتھ ان کی تیمارداری کیلئے آنیوالے لواحقین شدید پریشان ہیں۔ وارڈز میں جگہ کم ہونے سے مریضوں کے لواحقین کو رات کھلے آسمان تلے بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ وارڈز اور او پی ڈی کی کنسٹرکشن کے باعث ہسپتالوں میں مریضوں کے ٹھہرنے اور قیام کی جگہوں پر او پی ڈی اور ڈاکٹرز کے بیٹھنے کیلئے جگہ مختص کی گئی ہے۔ مریضوں کے لواحقین شدید سردی کی وجہ سے بیمار ہو رہے ہیں۔ مریضوں کے لواحقین کا کہنا ہے کہ شدید سردی میں پورے ہسپتال اور وارڈز کی توڑ پھوڑ کرنے کی وجہ سے ان کے بیٹھنے کی جگہ بھی کم پڑ گئی ہے وہ رات کہاں بسر کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں