انتظامیہ کی غفلت ،جیتو فیصل آباد شو بدنظمی کا شکار

فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر )انتظامیہ کی غفلت سے جیتو فیصل آباد میگا شو بد نظمی کا شکار، شدید دھکم پیل ، خواتین نیچے دب گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نوازکے ویژن ” میرا سوہنا فیصل آباد”کی تقریبات کے سلسلہ میں ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ہاکی سٹیڈیم میں”جیتو فیصل آباد” میگا شو کا انعقاد کیا گیا۔مناسب منصوبہ بندی نہ ہونے کے باعث انتظامیہ کی نا اہلی کھل کر سامنے آگئی ،میگا پروگرام کے انتظامات کا حال یہ تھا کہ پنڈال میں داخل ہونے کیلئے نہ واک تھرو گیٹ نصب کئے گئے نہ ہی مناسب سکیورٹی کا بندوبست کیا گیا۔ عوام سکیورٹی گیٹ توڑ کر اندر گھس گئے ، شدید رش کے باعث شدید دھکم پیل میں خواتین نیچے دب گئیں، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سول ڈیفنس کے ساتھ ساتھ پیرا فورس کی ڈیوٹی لگائی گئی مگر اہلکار ڈیوٹی پر ہی نہ پہنچے۔ ضلعی انتظامیہ کا کوئی افسر و عملہ بھی وقت پر نہ پہنچا ، پولیس کو بھی تاخیر سے بلوایا گیا،لیڈی پولیس بھی وقت پر نہ پہنچی،خواتین دھکم پیل اور عدم تحفظ کی شکایت کرتی رہیں مبینہ طورپر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ناخوشگوار واقعہ کا خدشہ ظاہر کر دیا تھا مگر اس جانب کوئی توجہ نہ دی گئی ،فیصل آباد میں اچھا بھلا ضلعی انتظامیہ کا امیج بنا ہوا تھا مگر اس پروگرام کے ناقص انتظامات کے باعث اس پر داغ لگ گیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے میگا ایونٹ کی مناسب تشہیر تو کرلی گئی مگر انتظامی معاملات انتہائی ناقص رہے جس وجہ سے وہاں پر آنے پر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ شہری و سماجی حلقو ں کا کہنا ہے کہ سمجھ نہیں آتی کہ عوام مفت تحفے کے لالچ میں کیوں اتنا خوار ہو جاتے ہیں ؟ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور کو اس کا نوٹس ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرنی چاہئے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں