انسداد پولیو مہم 26تا30 مئی تک جاری رہے گی

سرگودھا (بیورو چیف) ضلع سرگودہا میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم نے گورنمنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ہسپتال میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔ انسداد پولیو مہم 26 سے 30 مئی 2025 تک جاری رہے گی، جس کا مقصد ضلع بھر کے بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنا ہے۔اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد شہزاد، ایم ایس ڈاکٹر مشتاق بشیر محکمہ صحت کے افسران، عالمی ادارہ صحت کے نمائندگان، والدین اور معزز شہریوں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو جیسے خطرناک مرض کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے والدین کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔ افتتاح کا دو روز قبل انعقاد اسی لیے کیا گیا ہے تاکہ والدین کو بروقت آگاہی فراہم کی جا سکے اور وہ مہم میں بھرپور حصہ لیں۔مہم کے دوران ضلع سرگودھا کی سات تحصیلوں سرگودھا، سلانوالی، ساہیوال، شاہپور، کوٹ مومن، بھلوال اور بھیرہ میں مجموعی طور پر 7 لاکھ 9 ہزار 266 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 3,036 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 2,066 موبائل، 612 فکسڈ، اور 358 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں