ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمدکا منفرد اعزاز

اسلام آباد (بیوروچیف)پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد حالیہ دنوں میں پاکستان بھر میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت کے طور پر سامنے آئے ہیں۔گوگل ٹرینڈز کے مطابق 12مئی کی رات 2 بجے “Aurangzeb” کی تلاش نے بلند ترین سطح کو چھو لیا جو گزشتہ ہفتے کے دوران کسی بھی شخصیت سے متعلق سب سے زیادہ سرچ کا ریکارڈ ہے۔ اس کے بعد سے ایئر وائس مارشل اورنگزیب کی عوامی مقبولیت مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔سوشل میڈیا پر ان کی وائرل ویڈیو کلپ نے ان کی شہرت کو چار چاند لگا دیے۔ ویڈیو میں ان کا دل چسپ اندازِ گفتگو، پیشہ ورانہ اعتماد اور مزاحیہ لہجہ صارفین کو خوب بھایا۔ وہ کلپ جس میں انہوں نے کہا کہجہاں سے پچھلے روز چھوڑی تھی وہیں سے بات شروع کروں گا یعنی پی اے ایف بمقابلہ آئی اے ایف مقابلہ چھ صفر سے ہمارے حق میں رہا” وائرل ہو چکی ہے۔یہ بیان بھارتی فضائیہ کے چھ طیاروں کی تباہی کے تناظر میں دیا گیا جن میں تین رافیل، ایک SU-30، ایک MiG-29 اور ایک ڈرون شامل تھے۔ ایئر وائس مارشل اورنگزیب نے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ پی اے ایف نے 6اور 7مئی کی درمیانی شب دشمن کے حملوں کے جواب میں “آپریشن بنیان مرصوص” کا آغاز کیا، جس کا مقصد بھارتی حملوں کا موثر جواب دینا تھا۔انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ 1971کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب پاکستان نے اتنے بڑے پیمانے پر بھارتی فضائی اڈوں کو نشانہ بنایا تاہم تمام حملے مکمل احتیاط کے ساتھ کیے گئے اور شہری علاقوں کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچایا گیا۔دوسری جانب بھارت میں بھی اس صورت حال سے جڑی اصطلاحات کو بڑے پیمانے پر تلاش کیا گیا جن میں “Ceasefire meaning” سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی اصطلاح رہی جسے ایک کروڑ سے زائد بار سرچ کیا گیا۔ایئر وائس مارشل اورنگزیب کی پیشہ ورانہ مہارت اور دلکش شخصیت نے نہ صرف انہیں قومی ہیرو کا درجہ دلوایا بلکہ عوام کے دلوں میں بھی خاص مقام حاصل کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں