اسلام آباد (بیوروچیف) افریقی ممالک سے شروع ہونے والے ایبولا وائرس نے پوری دنیا کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، جبکہ عالمی ادارہ صحت نے وباء کو عالمی سطح پر عوامی صحت کیلئے تشویشناک قرار دے دیا ہے۔ پاکستانی وزارت صحت نے ایبولا وائرس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر پیشگی حفاظتی اقدامات شروع کر دیئے ہیں، وزارت صحت کی جانب سے قومی ادارہ صحت کو ضروری اقدامات کرنے اور لیبارٹری کٹس دستیاب رکھنے کی ہدایت جاری کردی گئی۔وزارت صحت نے بارڈر ہیلتھ سروسز کو بھی ایبولا وائرس کے حوالے سے الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایئرپورٹس پر یوگنڈا اور کانگو سے آنے والے مسافروں کی خصوصی نگرانی کی جائے۔ حکام کیمطابق ایبولاہیمرجک فیورکی علامات ڈینگی وائرس سے ملتی جلتی ہیں، جس کے باعث طبی عملے کو بھی محتاط رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔وفاقی وزارت قومی صحت کے حکام کاکہنا ہے کہ پاکستان میں صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اورکسی قسم کی تشویش کی ضرورت نہیں۔دوسری جانب افریقی ممالک میں اب تک ایبولا وائرس کے 300 مشتبہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ 80 اموات بھی سامنے آئی ہیں،سینٹرفار ڈیزیز کنٹرول امریکا کی ٹیم بھی دونوں متاثرہ افریقی ممالک میں پہنچ گئی۔




