اسلام آباد(بیوروچیف) امن کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششیں کامیاب ہوگئیں، وزیراعظم شہباز شریف نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا، باضابطہ دستخط 19جون کو سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر بیان میں مزید لکھا مذاکرات کے بعد اعلان کیا گیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا ہے، دونوں فریقوں نے تمام محاذوں پر بشمول لبنان میں فوری اور مستقل طور پر عسکری کارروائیوں کے خاتمے کا اعلان کیا ہے۔اعلامیے کے مطابق اس معاہدے پر باضابطہ دستخط کی تقریب جمعہ 19جون کو سوئٹزر لینڈ میں ہوگی، بیان میں کہا گیا ہے کہ اس معاہدے کے حصول پر دونوں ممالک کا شکریہ ادا کیا جاتا ہے جنہوں نے اس تنازع کے سفارتی حل کے لئے سنجیدہ کوششیں کیں۔اعلامیہ میں اس کے ساتھ ساتھ ثالثی کے عمل میں کردار ادا کرنے والے ممالک کی بھی تعریف کی گئی ہے، اعلامیے کے مطابق اس عمل میں قطر کی قیادت اور حمایت کو خاص طور پر سراہا گیا ہے، اسی طرح سعودی عرب، ترکیہ کی قیادت نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ معاہدہ طے پانے کے بعد ثالث آئندہ چند دنوں میں ایک سلسلہ وار ملاقاتوں کی سہولت فراہم کریں گے، یہ ابتدائی مشاورتی اجلاس معاہدے پر عمل درآمد سے قبل تکنیکی بات چیت اور باضابطہ دستخطی تقریب کی تیاری کی بنیاد رکھیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہم ثالثی کی کوششوں میں اپنے برادر ملک قطر کے کردار کو بھی سراہتے ہیں، جس نے اس معاہدے تک پہنچنے میں اہم معاونت فراہم کی۔ معاہدہ طے ہونے کے بعد ثالث کو اس ہفتے متعدد ملاقاتوں کی سہولت فراہم کریں گے، یہ ابتدائی مشاورتی ملاقاتیں تکنیکی مذاکرات اور دستخط کی سرکاری تقریب کی بنیاد فراہم کریں گی۔دریں ثنائ۔واشنگٹن /تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ٹرمپ اور ایران نے بھی امن معاہدے پر اتفاق کی تصدیق کر دی نائب ایرانی وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کا متن حتمی دے دیا گیا، مفاہمتی یادداشت کے متن کی حتمی منظوری دے دی گئی ہے۔کاظم غریب آبادی نے کہا کہ اسلام آباد اکارڈ پر دستخط جمعہ کو سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے، معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی توخود اقدامات کریں گے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدہ مکمل ہوگیا، آبنائے ہرمز فوری طور پر کھولنے اور بحری ناکہ بندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ دونوں ممالک نے تمام محاذوں پر فوجی کارروائیوں کے فوری اور مستقل خاتمے پر اتفاق کر لیا ہے جس میں لبنان بھی شامل ہے۔بیان میں کہا گیا تھا کہ دنیا بھر کے بحری جہازوں کے لئے راستے کھل گئے ہیں اور اب عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کو بحال کیا جا رہا ہے۔ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ معاہدہ مکمل ہو گیا ہے، مبارکباد! آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنے کی اجازت دی جاتی ہے اور امریکی بحری ناکہ بندی فوری طور پر ختم کی جاتی ہے۔




